دہشت گرد عناصرکو ملک میں انتشارپھیلانے سے روکا جائے، حامد موسوی
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حامد موسوی نے پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کی مذموم کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گرد عناصرکو ملک میں انتشارپھیلانے روکے۔
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، سید حامد علی شاہ موسوی نے مطالبہ کیا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کی توہین اور تمسخر اڑانےوالوں کیخلاف بھی بل لایا جائے.
انہوں نے کہا کہ پولیس کے بارے میں امریکی سفارت خانےکا بیان لمحہ فکریہ ہے۔
علامہ حامد موسوی کا کہنا تھا کہ آخری بار حکمرانوں سیاستدانوں کو متوجہ کررہے ہیں وطن عزیز اور قومی اتحاد و یکجہتی کے خلاف دہشت گردی کو روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ بعض بیرونی ممالک پاکستان میں مداخلت کررہے ہیں۔
پاکستان کو جنگ کا اکھاڑہ بنانے والے ممالک کا نام کھل کر لیا جائے ،ان ممالک سے سفارتی احتجاج کیا جائے اور عالمی فورموں پر بھی ان ممالک کیخلاف آواز اٹھائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے عزاداری سیل کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بانی پاکستان اور علامہ اقبال کو برا بھلا کہا جا رہا ہے اپنی ذاتوں جماعتوں کے خول میں بند سیاستدان اور حکمران کیوں خاموش ہیں۔
پاکستان کیلئے سب کچھ لٹانے والوں کی اولادیں دشمن کے ناپاک عزائم ناپاک بنادیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں قوم کے سپوتوں کی قربانیاں ضائع کررہی ہیں۔