بھارت، پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان کا دعویٰ


بھارت، پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان کا دعویٰ

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کروانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے مذموم بھارتی سازش کا شکار نہ بنیں۔

وزیراعظم عمران خان مولانا عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت پاکستان میں علما کو قتل کرواکر شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جانتی ہے اور میں ٹی وی پر بار بار بیان کرچکا ہوں، پچھلے چند مہینوں میں اس طرح کی بہت ساری کوششوں کو روکا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کے مجرموں کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

عمران خان نے لکھا کہ تمام مسالک کے علما یقینی بنائیں کہ لوگ مذموم سازش کا شکار نہ ہوں، لوگ ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے مذموم بھارتی سازش کا شکار نہ بنیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے  ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل اور ڈرائیور مقصود احمد زخمی ہوئے۔

مولانا عادل کو نجی اسپتال جبکہ ڈرائیور کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے ڈرائیور جبکہ نجی اسپتال کے ترجمان نے مولانا عادل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ مولانا عادل اسرائیل کے سخت مخالفین میں سے تھے اور اتحاد بین المسلمین کے داعی بھی، پاکستان فلسطین فاونڈیشن نے ان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری