نوازشریف کے داماد مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں گرفتار


نوازشریف کے داماد مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں گرفتار

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن(ر) صفدرکو پولیس نے گرفتار کرلیا، مذکورہ گرفتاری نجی ہوٹل میں کارروائی کے دوران ہوئی، کیپٹن(ر)صفدرکو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے کیپٹن(ر)صفدرکو گرفتارکرلیا، ان کی گرفتاری نجی ہوٹل سےعمل میں لائی گئی، کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے سماجیہ رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا ہے، میں جس ہوٹل میں ٹھہری تھی پولیس اس کے کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئی۔

واضح رہے کہ مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ شہری کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں علی الصبح درج کیا گیا تھا۔

مقدمہ قائداعظم مزار آرڈیننس کی خلاف ورزی کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا، بریگیڈ تھانے میں درج مقدمے میں مزید 200نامعلوم افراد بھی نامزد ہیں۔پولیس نے کیپٹن(ر) صفدر کو گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کردیا۔

بعد ازاں کیپٹن صفدرسے ملنے لیگی رہنماعزیز بھٹی تھانے پہنچ گئے، لیگی رہنماؤں نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ کیپٹن صفدر سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، کیپٹن صفدر کو ادویات اور سامان دینے آئے تھے، پولیس نے ہمیں دھکے دے کر باہر نکالا، تھانے میں گئے تو ہم پربدتمیزی کا الزام لگا دیا گیا۔

واضح رہے کہ مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر مزار کے احاطے میں کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوائے تھے۔

پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر اور حلیم عادل شیخ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سمیت رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کروانے بریگیڈ تھانے پہنچے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ درخواست جمع کروائی گئی تو مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے کراچی میں جلسہ کیا گیا، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے جلسے میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری