پاکستان میں عالمی وبا کرونا کی دوسری لہر، مزید9 شہری جاں بحق
کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 832 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 895 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید نو افراد کے انتقال کے بعد ملک میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 736 ہو گئی ہے، جب کہ 562 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کرونا کے 10 ہزار 668 مریض زیر علاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 390 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کروناسے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار 491 ہوگئی۔
کرونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 724 ٹیسٹ کیےگئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 42 لاکھ 64 ہزار 53 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
طبی ماہرین اور حکام نےعوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔