یوم دفاع بعنوان یوم یکجہتی کشمیر + آفیشل لوگو


یوم دفاع بعنوان یوم یکجہتی کشمیر + آفیشل لوگو

آج پاکستان بھر میں یوم دفاع مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب میں 65 کی جنگ کے حوالے سے دکھائی گئی دستاویزی فلم میں دشمن کو دی گئی عبرت ناک شکست کی کہانی بیان کی گئی۔ ڈاکیومنٹری میں شہدا کے اہلخانہ کے تاثرات بھی پیش کئے گئے جس نے تقریب کے شرکا کی آنکھیں نم کر دیں۔

مرکزی تقریب میں کشمیر میں ہونیوالے مظالم کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر، فوجی افسران اور شہدا کے لواحقین سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں ماتمی بگل بھی بجائے گئے اور شہدا کو جنرل سلیوٹ پیش کیا گیا۔

کراچی میں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے مزار قائد پر پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، چاق چوبند دستے نے سلامی دی۔

ایئر وائس مارشل حامد راشد رندھاوا تقریب کے مہمان خصوصی، مزار قائد پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گئی۔ مزار قائد پر پاکستانی ترانہ پڑھا گیا۔

اسی طرح لاہور میں یومِ دفاع کے حوالے سے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر پُروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

ادھر میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف کے مزار پر بھی پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مزار پر گلدستہ رکھا گیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے پاکستانی عوام کو یوم دفاع پر شہدا کے خاندانوں کے پاس جانے اور شکریہ ادا کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن تین بجے کے بعد بند کردیے جائیں گے۔ ملازمین یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے، شہدا کے اہل خانہ کے گھر جائیں گے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دیں گے۔

آج کے روز کی مناسبت سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965کے دن ہماری افواج نے اپنے سے 5 گنا طاقتور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا اس روز افواج پاکستان نے عوام کی بھرپور حمایت سے جرا ت اور بہادری کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا جو انتہائی قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر مادر وطن کے لئے عظیم قربانیوں کی یاد کا دن ہے، اقوام کی تاریخ میں ایسے ایام ان کی حب الوطنی کی واضح مثال ہوتے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری