کرونا وائرس؛ مکہ مکرمہ کے علاوہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن اور کرفیو ختم


کرونا وائرس؛ مکہ مکرمہ کے علاوہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن اور کرفیو ختم

سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے لگایا جانے والا کرفیو اور لاک ڈاؤن مکہ مکرمہ کے علاوہ تمام شہروں سے ختم کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے علاوہ تمام شہروں میں لاک ڈاؤن اور کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر لاک ڈاؤن اور کرفیو دوبارہ بھی شروع کیا جا سکتا ہے جبکہ بیوٹی پارلر اور حجام کی دکانیں بدستور بند رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی برقرار رہے گی جبکہ کاروباری سرگرمیاں احتیاطی تدابیر کے مطابق جاری رہیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی حکومت نے اتوار سے مکہ مکرمہ کی مساجد کھولنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مکہ مکرمہ کی 1500 مساجد کو اتوار سے کھولا جائے گا۔ سماجی فاصلہ سمیت کورونا سے بچاوَ کی حفاظتی تدابیر کے تحت مساجد کھولی جائیں گی۔ نمازیوں کو جائے نماز ساتھ لانے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اعلان کیا ہے کہ 21 جون سے ملک بھر میں سیاحت کا شعبہ مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

شعبہ سیاحت کو کھولنے کا فیصلہ عرب وزراء خارجہ کی ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ ملک بھر میں مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا مگر مکہ مکرمہ میں سیاحتی شعبے پر پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں سیاحت ایسا شعبہ ہے جس کے کارکنان کی تعداد کل ملازمتوں کا بارہ فی صد ہے اورعرب ممالک کی 13 فیصد قومی مجموعی پیداوار بھی سیاحت سے حاصل ہوتی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری