بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسزکی دہشت گردوں سے جھڑپیں، 2 اہلکار شہید


بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسزکی دہشت گردوں سے جھڑپیں، 2 اہلکار شہید

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر 50 سے 60 دہشتگردوں نے راکٹ لانچروں سے حملہ کردیا، ساڑھے 3 گھنٹے جاری رہنے والی جھڑپ میں دو اہلکار شہید اور 6زخمی ہوگئے

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،پاکستان کے صوبہ  بلوچستان کے علاقے مہراب لاگ میں 50 سے 60 دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا، ساڑھے 3 گھنٹے جاری رہنے والی جھڑپ میں 2 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی خصوصی ٹیم نے مشخیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کیں۔ ٹیم جب واپس آرہی تھی تو مہراب لاگ کے قریب 50 سے 60 دہشتگردوں نے اے این ایف ٹیم پر حملہ کردیا۔

دہشتگردوں نے کارروائی کے دوران خود کار ہتھیار اور راکٹ لانچرز بھی استعمال کیے۔ دہشتگردوں نے راکٹ لانچرز مار کر اے این ایف کی 2 گاڑیاں بھی تباہ کردیں۔

ساڑھے 3 گھنٹے تک دونوں طرف سے مقابلہ جاری رہا جس میں 2 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ حملے کی اطلاع ملنے پر ایف سی کی ٹیمیں اے این ایف کی مدد کیلئے پہچنیں تو دہشتگرد فرار ہوگئے۔

شہید اہل کاروں میں مردان کے رہائشی کانسٹیبل ڈرائیور عامر نواز اور لودھراں کے رہائشی کانسٹیبل محمد کامران شامل ہیں۔

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، پاکستان حکام کا کہناہے کہ دہشت گردوں کو بھارت سمیت غیرملکی معاونت حاصل ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری