ایران اور پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مجالس عزا اور جلوس کا سلسلہ جاری + تصاویر
ایران، پاکستان، ہندوستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکی، کویت اور لبنان سمیت پوری دنیا میں مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
تسنیم نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں لاکھوں عقیدت مند شہدائے کربلا کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔
پاکستان بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس موقع پر انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جبکہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بھی جزوی طور بند ہے۔
جلوسوں کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں اور آنے والے ہر شخص کی میٹل ڈیٹکٹرز سمیت جامع تلاشی لی جارہی ہے۔
جلوسوں کی بذریعہ ہیلی کاپٹر، سیف سٹی کیمروں، ڈرون کیمروں اور وڈیو سرویلینس سے نگرانی کی جارہی ہے۔ جلوس کے راستے میں آنے والی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں پر اسپیشل کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے روٹس پر فوری طبی امداد پہنچانے کے لیے درجنوں ایمبولینسز بھی موجود ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ پانی والے ٹینکس بھی موجود ہیں جو صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ادھر ایران بھر میں ہر طرف سیاہ پرچم لگے ہوئے ہیں اور ہر جگہ علم ابوالفضل العباس(ع) بلند ہے اور عزاداروں اور سوگواروں کی آہ و بکا کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی کروڑوں کی تعداد میں محبان رسولۖ و آل رسولۖ علیھم السلام، مساجد و امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں شریک ہیں جو نواسۂ رسولۖ اور آپ کے اصحاب باوفا پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بہتّر ساتھیوں کی شہادت پر اشک غم بہا رہے ہیں اور خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں قیامت کا منظر ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں سوگواران مظلوم کربلا جمع ہوئے ہیں تاکہ اسی سرزمین پر اپنے وجود کا اعلان کرتے ہوئے امام مظلوم کربلا کا غم منائیں جس پر سنہ اکسٹھ ہجری قمری میں نواسۂ رسولۖ ہزاروں یزیدی فوجیوں کے نرغے میں گھرا ہوا تھا اور اعلان کریں کہ آج کربلا حضرت امام حسین(ع) کے چاہنے والوں سے مملو ہے۔
پورے عراق اور خاص طور سے مقدس شہروں کربلا و نجف اور کاظمین و سامرا کی فضا لبیک یاحسین کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہے۔ ہرطرف نوحہ و ماتم کی آوازیں بلند ہیں۔