دوست ممالک سے مزید46 پاکستانی شہری ڈی پورٹ


دوست ممالک سے مزید46 پاکستانی شہری ڈی پورٹ

ترکی اور قطرنے غیرقانونی طور پر مقیم 46 پاکستانی شہریوں کوملک بدرکردیا

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، قطر اور ترکی میں غیرقانونی طور پر مقیم 46 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر اور ترکی سے ڈی پورٹ کیے گئے افراد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔

ایئر پورٹ حکام کو امیگریشن کے دوران 8 افراد کی روانگی کا ریکارڈ مل گیا تاہم 38 افراد کا ریکارڈ نہیں ملا۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے  38پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا جب کہ 8افراد کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

گرفتار ڈپورٹیز کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا تھا۔ پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے اسلام آباد پہنچے۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا تھا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانیوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا ہے۔

قطر میں غیر قانونی طور پر مقیم تین پاکستانی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا گیا تھا۔ تینوں مسافر قطر سے نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے اسلام آباد  پہنچے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق روزی  خان، اقبال حسین، فواد مشتاق کو ٖفیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جعلی دستاویز ات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اورجعل سازی میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان سے سالانہ ہزاروں شہری روزگار کی تلاش میں بیرون ملک سفر کرتے ہیں اور انہیں مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری