عمران خان ملک کے 22ویں وزیر اعظم
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملک کی نومنتخب قومی اسمبلی میں ہونے والے قائدِ ایوان کے انتخاب میں 176 ووٹ لے کر ملک کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
عمران خان کے مدمقابل مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ارکان نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
انتخاب کے بعد قائد ایوان ہفتے کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جہاں صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔
سپیکر اسد قیصر کی جانب سے عمران خان کی کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی ایوان میں تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ اسمبلی کے درمیان نعرے بازی کا مقابلہ شروع ہو گیا۔
مسلم لیگ ن کے اراکین ڈائس اور عمران خان کی نشست کے سامنے جمع ہو کر ’ووٹ کو عزت دو‘ اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے جس کے جواب میں تحریکِ انصاف کے ارکان نے بھی وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگائے۔
اس احتجاج میں پیپلز پارٹی کے ارکان شریک نہیں تھے اور وہ وزیراعظم کے انتخاب کے بعد بلاول بھٹو کی قیادت میں ایوان سے باہر چلے گئے۔