پاکستان کا چین اور امارات کے ساتھ مجموعی تجارتی خسارہ 10 ارب ڈالر سے بڑھ گیا


مالی سال 16-2015 کے دوران چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ 6 ارب جبکہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تقریبا 5 ارب امریکی ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کی برآمدات مسلسل زوال پذیری کا شکار ہیں۔  صرف چین سے درآمدات اور برآمدات میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 6 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے۔

روزنامہ ڈان کے مطابق،  گذشتہ پانچ سال میں چین کو پاکستانی برآمدات میں مسلسل کمی جبکہ چینی مصنوعات کی درآمدات میں اضافے کے باعث پاکستان کا چین سے تجارتی خسارہ 6.223 ارب ڈالر رہا ہے۔

مالی سال 2015-2016ء کے دوران پاک - چین مجموعی تجارت کی مالیت 10.029 ارب ڈالر تھی جن میں فقط 1.903 ارب ڈالر کی برآمدات جبکہ اس کے مقابلے میں تقریبا 4 گنا  سے زیادہ 8.126 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

اسی طرح متحدہ امارات سے ہونے والی 7.101 ارب امریکی ڈالر کی مجموعی تجارت میں  پاکستان نے 6.021 ارب ڈالر کی درآمدات جبکہ 1.080 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات کیں جس کے نتیجے میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 4.941 ارب امریکی ڈالر رہا۔

یاد رہے کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات سے پاکستان کی تجارت کے دونوں شعبوں درآمدات اور برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ماہرین اقتصادیات نے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کی مسلسل زوال پذیری کو  پاکستانی معیشت کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔