ملتان میں عوامی تحریک کےدھرنے کی تیاریاں مکمل


قصاص تحریک کے شیڈول کے مطابق، آج جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے اور اہم ترین شہر ملتان میں دھرنا دیا جائے گا جس سے عوامی تحریک کے سربراہ خطاب کریں گے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاون میں ہلاک ہونے والے کارکنان کے قتل پر انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک قصاص کا باقاعدہ آغاز 25 اگست سے کر دیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کی آفیشل سائٹ کے مطابق، آج ملتان میں قصاص دھرنا ہوگا جس سے عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری رات 9 بجے خطاب کریں گے۔

عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا احتجاج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کیلئے ہے۔ حکمران کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اسی لئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کرداروں کو فرار کروایا جا رہا ہے مگر قاتل بچ نہیں سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، ڈاکٹر طاہر القادری کے علاوہ مسلم لیگ عوامی شیخ رشید بھی دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔

احتجاجی ریلی گھنٹہ گھر چوک سے شروع ہو کر نواں شہر ملتان اختتام پذیر ہوگی۔

واضح رہے کہ عوامی تحریک کے کارکن28  اگست کو راولپنڈی، کراچی اور کوئٹہ میں سڑکوں پر نکلیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری اس دوران قصاص و سالمیت پاکستان تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان بھی کرینگے۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج سے قبل ہی ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکلنا شروع ہو گئی تھیں۔

خواتین اور بچوں سمیت پاکستان عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنان نےگوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، ڈسکہ، حافظ آباد اورمنڈی بہاؤالدین کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں اور خون کا بدلہ خون کے بھرپور نعرے لگائے۔

ریلیوں کے شرکاء کی جانب سے حکومت پاکستان سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو قرار واقعی  سزا دینے کا بھرپور مطالبہ کیا گیا ہے۔