پاکستان میں تصویریں کھینچنے کا دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ


وکی پیڈیا کے شعبے وکی لو مونومنٹس (wiki love monuments) کی جانب سے دنیا کا سب سے بڑا تصویریں کھینچنے کا مقابلہ یکم ستمبر سے پاکستان میں شروع ہوچکا ہے جس کی آخری تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، وکی لوز مونومنٹس (wiki loves monuments) کی جانب سے دنیا کے سب سے بڑے تصوریریں کھینچنے کے مقابلے کا آغاز یکم ستمبر سے پاکستان میں ہوچکا ہے۔ 

اس مقابلے میں ہر شخص شریک ہوسکتا ہے اور اس کے ذریعے ان تصاویر کو بنا لائسنس کے ساتھ دنیا بھر کے لوگوں تک رسائی کو ممکن بنانا ہے تاکہ حقوق نقل و اشاعت کی وجہ سے کوئی ان سے محروم نہ رہ سکے۔

وکی پیڈیا فاﺅنڈیشن کے سالانہ مقابلے کا مقصد دنیا کے ثقافتی اور تاریخی مقامات کو دنیا کے سامنے لا کر انہیں فروغ دینا ہے۔

مقابلے کے منتظمین یکم ستمبر سے 30 ستمبر تک لوگوں کی جانب سے تصاویر قبول کریں گے جبکہ اکتوبر میں پاکستانی جیوری 10 بہترین تصاویر کو بین الاقوامی مقابلے کے لیے نامزد کرے گی۔

مذکورہ مقابلے کا پہلا فاتح اگلے سال اگست میں کینیڈا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی وکی پیڈیا کانفرنس وکی مینیا میں شرکت کرنے کی غرض سے تقریبا ڈھائی ہزار امریکی  ڈالرز تک سفری وظیفہ جیت سکے گا۔

اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر چار رنر اپ افراد کے لئے ایک، ایک ہزار امریکی ڈالرز کے نقد انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔

وکی لوز مونومنٹس کی ویب سائٹ کے مطابق, پاکستان میں سینکڑوں تاریخی, ثقافتی یادگاریں اور مقامات موجود ہیں، جن کے ہمیشہ کے لئے ختم ہونے کا خطرہ ہے، مگر وہ انٹرنیٹ پر دستیاب نہیں۔ یہ اہم مقامات اکثر وقت گزرنے کے ساتھ حادثات، دانستہ یا قدرتی آفات کے نتیجے میں تباہ یا متاثر ہوتے ہیں۔

جس کی وجہ سے دنیا بھر کے لوگوں کو ان تک رسائی اور ان کے بارے میں جاننے کا موقع خطرے میں پڑجاتا ہے۔

اس مقابلے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ موجودہ تاریخی یادگاروں کے تحفظ کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے۔

واضح رہے کہ مذکورہ مقابلے میں شرکت کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔

پاکستان کی جانب سے گزشتہ سال بھی 10 تصاویر اس مقابلے کے لئے انتخاب کئے گئے تھے جبکہ اس مقابلے میں پہلی پوزیشن بھی ایک پاکستانی فوٹو گرافر نے حاصل کی تھی۔