ایرانی صدر کے مشیر کا دورہ افغانستان
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے مشیر اکبر ترکان نے کابل میں ایران کی طرف سے لگائی گئی نمائش دیکھنے اور افغانستان کے اعلی حکام سے خطے کے مسائل پر بات چیت کرنے کی غرض سے افغانستان کا دورہ کیا ہے۔
تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر کے مشیر اکبر ترکان افغانستان کے اعلی حکام سے ملاقات اور کابل میں جاری افغان ایران نمائش کو دیکھنے کی غرض سے اس ملک کے دورے پرگئے ہیں۔
جناب ترکان نے اس سلسلے میں کہا کہ میرا افغانستان سفر کرنے کا مقصد اس ملک میں جاری افغان - ایران نمائش کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ کابل حکومت کے اعلی حکام سے ملاقات کرنا بھی ہے۔
ترکان نے ایران اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی تعاون میں چابہار کی اہمیت اور کردار کو بیان کرتے ہوئے کہا: دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں چابہار بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: چابہار ایران کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے جو افغانستان اور ایران کے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ترکان نے امید ظاہر کی کہ ایران کی طرف سے کابل میں نمائش کا انعقاد دونوں ہمسایہ ملکوں کے تعلقات کے فروغ میں اہم ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اقتصادی امور کے مشیر ''مھدی بازرگان'' اور آزاد علاقوں (فری زون) کے سیکرٹری ''عبدالرحیم کردی'' بھی جناب اکبر ترکان کے ہمراہ ہیں۔