پاک افغان سرحد کومحفوظ بنانے کے لئے ایک خصوصی ایف سی ونگ تشکیل دینے کا فیصلہ


گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ فاٹامیں اصلاحات وہاں کے قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق کی جائیں گی اور اس سلسلے میں جامع لائحہ عمل وضع کیاجارہا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، گورنر ہاؤس پشاور میں فاٹا ریفارمز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے کی امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبے اور عدلیہ نظام زیر بحث آئے۔

مذکورہ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ناصرجنجوعہ، سینئر وزرا اور دیگر حکام شامل تھے۔

اجلاس میں خبر دی گئی کہ وفاقی حکومت نے پاک افغانستان سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے ایف سی کے ایک خصوصی ونگ بنانےکا فیصلہ کیا ہے ۔

اس اجلاس میں وفاقی حکومت کے فراہم کردہ سرمایے سے فاٹا میں سڑکوں، سکولوں اور کالج وغیرہ کی تعمیر و ترقی کے 10 سالہ منصوبے پر عمل درآمد کرنے کا بھی ذکر کیا گیا۔

اجلاس کے اراکین نے بھی فاٹا اصلاحات کے عمل کو پوری طرح جامع بنانے کے لئے مثبت تجاویز پیش کیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بیان دیا تھا کہ روزانہ 40 سے 50 ہزار افراد پاک افغان سرحد عبور کرتے ہیں۔

انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں انسانی نقل و حمل کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ سرحد کو غیرمحفوظ قرار دیا تھا۔