مقبوضہ کشمیر میں مزید بھارتی فوج تعینات/ عید الاضحیٰ پر بھی کرفیو برقرار رکھنے کا فیصلہ


مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے مسلسل بڑھتے ہوئے احتجاج پر قابو پانے کے لئے مزید بھارتی فوجیوں کو تعینات کرنے اور عید پر بھی کرفیو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، مقبوضہ وادی میں جاری امن و امان کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مزید بھارتی فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عید الاضحیٰ کے موقع  پر بھی وادی میں کرفیو برقرار رہے گا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، آئندہ 2 روز کے دوران وادی میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کرتے ہوئے فوجیوں کے گشت میں اضافہ کردیا جائے گا جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی وادی میں کرفیو کو برقرار رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں تحریک آزادی کو ایک نئی زندگی مل گئی ہے۔

بھارتی فوج اپنی سر توڑ کوشش کے باوجود کشمیری شہریوں کے احتجاج کے سیلاب پر بند باندھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔

حریت رہنماؤں کو نظر بند کرنے سے لے کر مظاہرین پر سیدھی فائرنگ تک، پوری وادی میں سخت کرفیو نافذ کرنے سے لے کر پرتشدد کاروائیوں تک بھارتی فوج تمام گر آزما چکی ہے مگر کشمیری شہریوں کا احتجاج تھمنے میں ہی نہیں آ رہا۔

اسی زمرے میں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی وادی میں کرفیو کو برقرار رکھا جائے گا۔