تھائی لینڈ میں کشتی کو حادثہ پیش آ گیا۔ 15 ہلاک، 11 لاپتہ


تھائی لینڈ میں مسافروں سے بھری کشتی دریا میں ڈوبنے سے 15 شہری ہلاک، 11 لاپتہ ہوگئے۔

تسنیم نیوز کے مطابق تھائی لینڈ میں مسافر کشتی کے ڈوب جانے سے 15 شہری ہلاک اور کئی لاپتہ ہو گئے ہیں۔

لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔


خبررساں ادارے الجزیرہ کے مطابق افسوسناک واقعہ تب پیش آیا جب دریائے چاؤ پھرایا میں مسافروں سے بھری کشتی ایک پل سے ٹکرا کے دریا میں ڈوب گئی۔

جبکہ جیو نیوز نے اطلاع دی ہے کہ مسافروں سے بھری کشتی ایک رکاوٹ پر چڑھنے سے دریامیں ڈوب گئی۔

مذکورہ کشتی میں 50 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی جبکہ اس میں 100 افراد سوارکئے گئے تھے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور بعض زخمیوں کو وہیں طبی امداد بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔

پولیس نے کشتی انتظامیہ سے حادثے سے متعلق  پوچھ گچھ  شروع کر دی ہے۔

جبکہ لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کیلئے غوطہ خوروں اور ریسکیو اہلکاروں کا سرچ آپریشن جاری ہے تاہم ہر گزرتے لمحے کے ساتھ حادثے کا شکار ہونے والے لاپتہ مسافروں کے زندہ بچنے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں آئے دن کشتیوں کے ڈوبنے اور  تصادم کی خبریں منظرعام پر آتی رہتی ہیں جن میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے۔