جوہری ذخائر بڑھانا شمالی کوریا کا حق ہے/ بمبار طیارے بھیجنے پر امریکہ کو خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے


شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ای یانگ ہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام کسی صورت ختم نہیں ہو گا۔ دخل اندازی کی صورت میں امریکہ کو اس کی سوچ سے زیادہ خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، شمالی کوریا نے امریکہ کو خوفناک نتائج بھگتنے کی دھمکی دیدی ہے۔

نوائے وقت نے خبر دی ہے کہ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ای یانگ ہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام کسی صورت ختم نہیں ہوگا۔

ان کے بیان کے مطابق، جوہری ذخائر بڑھانا شمالی کوریا کا حق ہے لہذا ایٹمی پرگرام ہرگز ختم نہیں ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیار دفاع کیلئے ہیں۔

انہوں نے نہ صرف اپنا جوہری پروگرام کو نہ روکنے کا اعلان کیا بلکہ اسے مزید وسیع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے امریکہ کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بمبار طیارے بھیجنے پر امریکہ کو اس کی سوچ سے زیادہ خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے۔

یاد رہے کہ 2006 سے شمالی کوریا عالمی برادری کی طرف سے پابندیوں کی زد میں ہے۔

ان گذشتہ 10 سالوں میں شمالی کوریا 5 جوہری تجربات کر چکا ہے۔

حال میں بھی اس کے پانچویں اور سب سے بڑے جوہری تجربے کی پاکستان سمیت کئی ملکوں نے شدید مذمت کی ہے۔