پاکستان کا قطر سے سالانہ13 لاکھ ٹن ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ طے پا گیا


قطر سے سالانہ 13 لاکھ ٹن ایل این جی درآمد کرنے کے اہم معاہدے پر وزیراعظم ہائوس میں دستخط کئے گئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان اور قطر نے اسلام آباد میں ایک معاہدے پردستخط کئے ہیں جس کے تحت ابتدائی طورپر سالانہ 13 لاکھ ٹن مائع قدرتی گیس پاکستان درآمد کی جائے گی۔

ریڈیو پاکستان نے اطلاع دی ہے کہ اس معاہدے پردستخط گلوبل انرجی انفراسٹرکچر لمیٹڈ آف پاکستان اور قطر گیس کے درمیان وزیراعظم ہائوس میں کئے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف کے ساتھ وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کے علاوہ قطر گیس کے سی ای او اور گلوبل انرجی انفراسٹرکچر کے سی ای او بھی موجود تھے۔

دونوں ممالک کے حکام نے باہمی تجارت کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔