امریکہ کو روس کی دھمکی/ ایس 300 اور ایس400 ہمہ وقت تیار


روسی وزارت دفاع نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی امریکی جنگی جہازنے شامی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں کی طرف آنے کی جرأت کی تو روسی ایس 300 اور ایس 400 کا سخت رد عمل ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے العالم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ماسکو نے امریکہ پر واضح کردیا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی جہازوں نے شامی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں کی طرف آنے کی غلطی کی تو روسی ایس 300 اور ایس400 میزائل تیار ہیں۔

ماسکو میں روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نےامریکہ کو واضح پیغام دیتے ہوئےکہا ہے کہ روسی افواج نے جدیدترین میزائل سسٹم ایس300 کو شامی علاقے ''لاذقیه'' اور ایس 400  کو ''طرطوس'' میں تعینات کردیا ہے جو ہر قسم کے حملوں کا دندان شکن جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیارہے۔

واضح رہے کہ روس اس اقدام کے ذریعے امریکہ کو پیغام دینا چاہتا ہےکہ اگر امریکہ نے روس یا شام کے آپریشن میں مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی.

یاد رہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں ایسی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ واشنگٹن، شام میں مذاکرات کی ناکامی کے بعد شامی فوج پر حملہ کرنے کا سوچ رہا ہے۔ اب روسی دھمکی کے بعد امریکہ کا ناپاک ارادہ خاک میں مل گیا ہے۔