موصل میں داعش کی شکست یقینی ہے، صدر اوبامہ


امریکی صدر نے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصل میں داعش کی شکست یقینی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے موصل آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، موصل آپریشن اگرچہ سخت اور دشوار ہوگا لیکن مجھے یقین ہے کہ شکست داعش کی ہی ہوگی۔

اوبامہ نے مزید کہا کہ عراقی فوج داعش کو شکست دے کر ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کی جڑیں خشک کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار وائٹ ہاؤس میں اطالوی وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

کانفرنس کے دوران اوبامہ کا کہنا تھا کہ عراقی فوج نے داعش کے خلاف آپریشن کا آغاز کر کے ایک اہم قدم اٹھایا ہے اب کامیابی عراقی فوج کی مقدر بن چکی ہے۔

یاد رہے کہ عراقی فوج نے زمین اور فضا سے باقاعدہ طور پر داعش کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے اور ابتدائی طور پر اسے بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔