دوسرا کل پاکستان حفظ و قرائت قرآنی مقابلہ اختتام پذیر


پیغمبر اسلام(ص) اور امام جعفر صادق(ع) کی ولادت اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے دوسرا کل پاکستان حفظ و قرائت قرآنی مقابلہ، ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران، اسلام آباد کی کوشیشوں اور قرآنی موسسہ صوت القراء العالمی کے تعاون سے اہل تسنن کی جامع مسجد سیدنا امام حسن(ع) اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، پیغمبر اسلام(ص) اور امام جعفر صادق(ع) کی ولادت اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے دوسرا کل پاکستان حفظ و قرائت قرآنی مقابلہ، ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران، اسلام آباد کی کوشیشوں اور قرآنی موسسہ صوت القراء العالمی کے تعاون سے  گزشتہ دنوں اہل تسنن کی جامع مسجد سیدنا امام حسن(ع) اسلام آباد  میں منعقد کیا گیا۔

اس سال مقابلہ 4 پاکستانی نامور ججز کے زیر نظر منعقد ہوا۔

وزارت امور مذہبی پاکستان سے تعلق رکھنے والے استاد قاری سید علی عابد نقوی، استاد قاری نجم مصطفی الازہری، استاد قاری محمد آصف سروری اور استاد قاری ڈاکٹر اکرام اللہ محسن جیسے ججز کے ساتھ تمام صوبوں سے منتخب شدہ عمدہ قراء اور حفاظ نے شرکت کی۔

تقریب میں ثقافتی قونصلر جناب شہاب الدین دارایی، ڈپٹی ثقافتی قونصلر جناب قاسم مرادی اور خطیب اور امام جامع مسجد سیدنا امام حسن(ع) جناب علامہ مفتی ضمیر بھی اس مقابلےمیں شریک ہوئے۔

اس مقابلے کا مقدماتی مرحلہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں جداگانہ انجام پائے اور منتخب شدہ افراد مقابلے کے آخری مرحلے کے لیے اسلام آباد آئے۔

تقریب کا آغاز قاری عبد الوہاب نے اپنی خوبصورت آواز میں کلام پاک سے کیا اور پھر ثقافتی قونصلر جناب شہاب الدین دارایی نے قاریان، حفاظ، ججز اور مہمانوں کو خوش آمد کہتے ہوئے اپنی تقریر کا آغاز کیا۔

انہوں نے آیات اور روایات کی رو سے قرآن کریم کی اہمیت اور فضیلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "کہ ایسے مقابلے اسلامی معاشرے میں قرآنی ثقافت کی ترویج کرتے ہیں۔"

امام جمعہ اور خطیب جامع مسجد سیدنا امام حسن(ع) جناب علامہ مفتی ضمیر احمد ساجد نے اپنی تقریر میں کہا "ہم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ثقافتی قونصلیٹ نے کل پاکستان قرائت و حفظ قرآنی مقابلے کے فائنل مرحلے کے لیے ہماری مسجد کو منتخب کیا۔"

انہوں نے مزید کہا "رسول خدا (ص) سے روایت ہے کہ قرآن کو خوبصورت آواز سے پڑھو۔ میں بنگلہ دیش میں ایک ایرانی قاری سے ملا جنہوں نے مجھے بتایا کہ ایران میں قرآن کو اس کے معانی کے ساتھ حفظ کروایا جاتا ہے اس طرح قاری قرآنی مفاہیم سے بھی آشنا ہوجاتا ہے۔ ہمیں اپنے ہمسایہ اور بھائی ملک ایران سے قرآنی مقابلے کے شعبے میں سیکھنا چاہیئے۔"

بہت عمدہ اور سخت مقابلےکے بعد ججز نے قرائت اور حفظ قرآن دونوں شعبوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن کا انتخاب کیا۔ جن کے نام مندرجہ ذیل ہیں:
قرائت کےشعبےمیں اول پوزیشن قاری عبد الرشید عبد الرزاق کے پی کے، دوم پوزیشن قاری عبداللہ جان صوبہ بلوچستان اور سوم پوزیشن قاری عبد الوہاب صوبہ بلوچستان نے حاصل کی۔

حفظ کےشعبےمیں اول پوزیشن حافظ محمد طاہر صوبہ بلوچستان جبکہ دوم پوزیشن حافظ محمد شکیل صوبہ پنجاب نے حاصل کی۔