عالمی استعمار داعش کا استعمال کرتے ہوئے عراق اور ایران کو توڑنا چاہتا ہے + ویڈیو
لاہور یونیورسٹی کے پروفیسر کا کہنا ہے کہ شیعہ سنی کی خلیج کو باطل استعماری طاقتیں بروئے کار لا رہی ہیں، ہمیں چھوٹے موٹے فروعی اختلافات کو بھلا کر یکجا ہونا ہوگا، عالمی استعمار داعش کا استعمال کرتے ہوئے عراق اور ایران کو توڑنا چاہتا ہے، گریٹر ورلڈ آرڈر کے صہیونی منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر الازہری نے ''حاکم وقت کے خلاف خروج کی شرعی حیثیت'' کے اہم موضوع پر تسنیم نیوز کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ آج کا دور مسلمانوں کے لئے ابتلاء و آزمائش کا دور ہے، مسلمانوں پر دہشت گرد کا لیبل چسپاں کر دیا گیا ہے، دہشت گردی کی جنگ کا ایندھن مسلمانوں کو ہی بنایا جا رہا ہے، عالمی سطح پر مسلمانوں کا امیج برباد ہو رہا ہے، شیعہ سنی کی خلیج کو باطل استعماری طاقتیں بروئے کار لا رہی ہیں، ہمیں چھوٹے موٹے فروعی اختلافات کو بھلا کر یکجا ہونا ہوگا، عالمی استعمار داعش کا استعمال کرتے ہوئے عراق اور ایران کو توڑنا چاہتا ہے، گریٹر ورلڈ آرڈر کے صہیونی منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے، داعش کے اقدامات سے ثابت ہوگیا ہے کہ یہ لوگ دشمنان اسلام ہیں، مسلمانوں کا خون بہانے والے ان درندوں کے خلاف مسلمانوں کو چاہیے کہ آگے بڑھیں اور ان کا قلع قمع کریں، داعش کو اسلحہ فراہم کرنے والی طاقتوں کو روکا جائے، مسلمانوں کے آپسی اتحاد و وحدت کے لئے کوشش کی جائے، اتحاد بین المسلمین اسی طرح ضروری ہے جس طرح ہوا، پانی اور رہائش۔