ایران کے شہر مھران میں واقع زینگان غار کی چند تصاویر


اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر مھران کے مضافات میں ایک نہایت خوبصورت غار واقع ہے جو ٹھنڈی ہواؤں اور دلکش مناظر کی وجہ سے غار جنت سے مشہور ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی: یوں تو اسلامی جمہوریہ ایران میں بے پناہ عجیب و غریب غار پائے جاتے ہیں جن میں سے غار علی صدر کے بارے میں ہم آپ کو بتا چکے ہیں اس مرتبہ ہم آپ کو ایک ایسے غار کی سیر کرانے جارہے ہیں جو ایران کے شہر مھران کے گاؤں صالح آباد میں واقع ہے۔

 حقیقت میں دیکھا جائے تو یہ کوئی غار نہیں بلکہ ایک نہایت گہری کھائی ہے جو غار کے نام سے مشہور ہوئی ہے۔

اس دلکش کھائی یا غار کی خوبصورتی دیکھ کر ہر کوئی لطف اندوز ہوتا ہے۔

جیسے ہی آپ غار کے اندر داخل ہوتے ہیں تو ٹھنڈی ہوائیں آپ کا استقبال کرتی ہیں جس کی وجہ سے ہر کوئی خصوصا گرمیوں کے موسم میں اس غار کی سیر کرنے کو ترجیح دیتا ہے۔

اس غار کی خصوصیات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ راستے میں امامزادہ صالح کا روضہ مبارکہ ہے جس کی وجہ سے علاقے کو صالح آباد کہا جاتا ہے۔

صالح آباد سے زینگان غار تک 5 کلومیٹر کا راستہ ہے جو کہ آپ کو پیدل ہی طے کرنا ہوگا اگرچہ آپ گاڑی کے ذریعے بھی جا سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے آپ کا وقت زیادہ لگے گا۔

اس کھائی یا غار کی سیر کے لئے سالانہ سینکڑوں سیاح صالح آباد کا رخ کرتے ہیں، جو بھی یہاں آتا ہے دوبارہ آنے کی خواہش لے کر چلاجاتا ہے کیونکہ غار کے بیچوں بیچ سے ٹھنڈے پانی کی نہریں جاری ہیں۔

غار کے اندر جاری ٹھنڈے پانی میں ہی پیدل چلنا ہوتاہے، چلتے چلتے راستہ اتنا تنگ ہوجاتا ہے کہ ایک آدمی کو بھی بڑی مشکل سے گزرنا پڑتا ہے۔

علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ غار 6 کلومیٹر پر محیط ہے، غار کی سیر کا بہترین موسم اپریل سے اکتوبر تک ہے۔

واضح رہے کہ یہ غار بالکل قدرتی ہے اس میں کسی قسم کی انسانی دخالت کار فرما نہیں ہے۔

ماہرین کے مطابق غار پانی کی وجہ سے خود بخود وجود میں آیا ہے۔

اسلامی جمہوری ایران نے اس علاقے میں سیاحوں کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کئے ہیں۔

ترتیب و پیشکش: غلام مرتضی جعفری