بینظیر بھٹو قتل کیس سابق سی پی او اور سابق ایس پی کو 18، 18 سال قید کی سزا


اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق 5 گرفتار ملزمان کو بری کردیا گیا جبکہ سابق سی پی او خرم شہزاد اور سابق ایس پی سعود عزیز کو مجرم قرار دے کر 18، 18 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کے 9 سال 8 ماہ بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اصغر خان نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 گرفتار ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سابق سی پی او سعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں دو دفعات کے تحت 18، 18 سال قید کی سزا سنادی۔

عدالت کے فیصلے کے فوری بعد ضمانت پر رہائی پانے والے دونوں پولیس افسران کو ہتھکڑیاں لگا دی گئیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ دونوں پولیس افسران کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر 6، 6 ماہ مزید قید بھگتنا ہوگی۔