سعودی اتحاد کے خلاف یمنی فوج کی جوابی کارروائیاں جاری، 49 سعودی اہلکار ہلاک


رواں ماہ اکتوبرمیں یمنی سرکاری فوج کی جوابی کارروائیوں میں مفرور صدر کے حمایت یافتہ کم سے کم 49 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں ماہ اکتوبر میں یمنی سرکاری فوج نے صوبہ الجوف میں سعودی حمایت یافتہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے کم سے کم 49 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے حمایت یافتہ جنگجوؤں پر یمنی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار فورسز کے حملے جاری ہیں۔

دوسری جانب سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز کے الھاملی نامی علاقے پر کلسٹر بم گرائے ہیں جس کے نتیجے میں 1 یمنی شہری شہید اور 3 شدید زخمی ہوگئے ہیں، یمنی سرکاری فوج نے سعودی حملوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے شمال مغربی تعز میں منصور ہادی کے اہلکاروں پر شدید گولہ باری کی ہے۔

یمنی فوج کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بیضاء میں منصورہادی کے حمایت یافتہ القاعدہ کے دہشت گردوں کا ایک حملہ پسپا کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں القاعدہ کے متعدد دہشت گرد ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے بعض عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے شروع کئے ہیں۔

یمن میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں اب تک کم سے دس ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ بیس ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں کا مقصد اس ملک میں آل سعود کے اشاروں پر ناچنے والی ایک کٹھ پتلی حکومت قائم کرنا ہے۔