امریکا-بھارت تعلقات کے باعث پاکستان میں دہشتگردی میں اضافہ ہوا، لیاقت بلوچ


جماعت اسلامی (جے آئی) پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیات بلوچ نے الزام لگایا ہے کہ خطے میں امریکا اور بھارت کے درمیان بڑھتے قریبی تعلقات کے باعث پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جماعت اسلامی (جے آئی) پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیات بلوچ نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے غیر مسلح مسلمان شہریوں کے خلاف ظلم انتہا کو پہنچ چکا ہے، اس صورتحال کے باوجود پاکستان دنیا بھر کو بھارت کا اصل چہرہ بئ نقاب کرنے کے لیے پالیسی ترتیب نہیں دے سکا۔

جیکب آباد میں پیغام مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وسلم کے اجتماع میں شرکاء سے خطاب کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات آئندہ سال منعقد ہونے جارہے ہیں لیکن حلقہ بندیوں کا معاملہ اب تک حل نہیں ہوا، انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے کوئی آئینی ترمیم لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو سینیٹ میں تجویز کردہ ترمیم کو منظور کرانے کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ شفاف انتخابات کے راستے میں حائل رکاوٹیں ختم ہو سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کے نام پر ختم نبوت قانون میں تبدیلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانیوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے سزا دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف خود کو سپریم کورٹ کے سامنے صادق کے طور پر پیش کرنے میں ناکام رہے اور اب وہ اس فیصلے کو قبول کرنے کے بجائے عدلیہ اور فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔

عام عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی حالت بہت بری ہے جبکہ کسانوں اور کاشتکاروں کو ان کا بنیادی حقوق نہیں مل رہے۔

سندھی ثقافت کے دن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھی ٹوپی اور اجرک سندھیوں کی عزت ہے۔