لندن میں امریکی صدر کا خیرمقدم نہیں کریں گے، صادق خان


برطانوی دارالحکومت کے میئرصادق خان کا کہنا ہے کہ لندن میں امریکی صدر کا خیرمقدم نہیں کریں گے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی نژاد لندن کے میئرصادق خان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی لندن آمد پر ان کا استقبال نہیں کریں گے۔

اناتولی کی رپورٹ کے مطابق لندن کے میئر صادق خان کا امریکی صدر کے دورہ لندن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹرمپ کی لندن آمد پر ان کا کسی قسم کا کوئی استقبال نہیں کیا جائے گا۔

لندن کے میئر نے لندن سٹی کونسل کے ایک خط کا جواب دیا ہے جس میں امریکی صدر کے دورہ لندن کے موقع پر تیاریوں کے بارے میں استفصار کیا گیا تھا۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک میئر کی حیثیت سے ہمیشہ اہلیان لندن کی حفاظت، مفادات اور امن و امان کی بات کی ہے اور برطانوی وزیراعظم سے بھی گزارش کی ہے کہ امریکی صدر کے دورہ لندن کے دعوت نامے کو واپس لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس کے بعد اب لندن میں سرکاری طور پر ان کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ میں اور تمام برطانوی شہری امریکہ کے عاشق ہیں لیکن صدر ٹرمپ کے  نسل پرستی پر مبنی حالیہ بیانات برطانوی پالیسی کے خلاف ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر آئندہ سال فروری میں لندن کا دورہ کرنے والے ہیں۔