نیب سیاستدانوں کو گندا کرنے کے لیے بنائی گئی، فضل الرحمن


جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نیب بنائی ہی سیاستدانوں کو گندا کرنے کیلیے گئی تھی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک میں جب بھی انتخابات کا زمانہ آتا ہے احتساب کا نعرہ بلندکر دیا جاتا ہے، سیاستدانوں اور اداروں دونوں کو چاہیے کہ ملک کے اندر جاری تصادم کی فضا کو ختم کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔ 

نیب نے نواز شریف پر نہایت سنگین الزامات لگائے ہیں جن کے ثبوت پیش کیے جانے چاہئیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نواز شریف آج کل جو باتیں کر رہے ہیں وہ اس تصور کے ساتھ کر رہے ہیں کہ انھیں لگتا ہے عدالت اپنی آئینی ذمہ داریاں چھوڑ کر ان کے خلاف فریق بنی ہوئی ہے جس کا مقصد ان کا سیاسی کیریئر تباہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ نیب کو کس نے بنایا اور وہ کس کا آلہ کار ہے، نیب کو وحی تو نہیں آتی کہ اس کے خلاف کرپشن کے مقدمات کھول دو، نیب بنائی ہی سیاستدانوں کو گندا کرنے کیلیے گئی تھی۔