ہنردوست: پاک ایران تجارت میں 30 فیصد اضافہ ہوا تاہم بہت کچھ کرنا باقی ہے + ویڈیو


پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئندہ دور حکومت میں پاک ایران گیس پائپ لائن کے اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرامید ہیں۔

پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاک ایران تجارت میں بہتری کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال پاک ایران تجارت میں 30 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ دونوں ممالک کی تاجر برادری خواہش رکھتی ہے کہ پاک ایران تجارت فروغ پائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرامید ہوں کہ مستقبل میں پاک ایران تجارت کا ہدف حاصل ہو جائے گا۔

ایف پی سی سی آئی کی جانب سے افطار پارٹی کے بعد تسنیم سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایران کی کوشش ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے۔ پرامید ہیں کہ آئندہ حکومت اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ چونکہ اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے، دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت کے لئے یہ منصوبہ نہایت اہم ہے۔