چوہدری عبدالغفور کو بھی شریف خاندان کی 28 سالہ دوستی راس نہ آئی/ ن لیگ کے رفقاء کی بھڑاس نکل رہی ہے


شریف خاندان کے دیرینہ دوستوں کی بھڑاس آہستہ آہستہ نکل رہی ہے اور اس بار پارٹی کے سابق صوبائی وزیر نے شریف خاندان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے شہباز اور حمزہ کو بے نقاب کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ن لیگ کے سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفورمیو نے بھی بغاوت کرتے ہوئے پارٹی سے 28 سالہ رفاقت ختم کردی،انہوں نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بے نقاب کرنے کااعلان کرتے ہوئے ن لیگ پر ٹکٹیں بیچنے کاالزام عائد کردیا اور کہا پاکستان شریف خاندان کی ملکیت نہیں،مودی کو ساتھ بٹھانے والا اُمت مسلمہ کا غدار ہے، مودی کے یار کو میری پوری برادری اور قوم روکے گی، مشرف سے ملاقات بارے ن لیگ کی قیادت سے پوچھیں، انہوں نے انکار کیا تو میں بتاؤں گا مشرف سے جاکر کون ملتا تھا؟

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ کا وزیراعظم اداروں کو کمزور کرے یہ برداشت نہیں، انہوں نے ہر ادارے کو تباہ کردیا، اداروں سے ٹکراؤ مسلم لیگ ن کی پالیسی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں، یہ کون سی جمہوریت ہے جس میں اداروں کو تباہ کرنے کی بات کی جائے، کب تک برداشت کرتا، کنٹرولڈ ڈیموکریسی کے خلاف ہوں، نواز شریف اور شہباز شریف کو غلط فیصلوں سے روکا تھا، شریف برادران کو کہا لینڈ مافیا اور کریمنلز کو ٹکٹیں نہ دینا، یہ ظالم ہیں، قیادت بتائے ٹکٹ لینے کے لیے قبضہ مافیا ہونا معیار ہے تو ایسی سوچ پر لعنت ہے، مجھے سب پتہ ہے کون سا ٹکٹ کتنے میں بکا اور کس نے گورنر بننے کے لیے کتنے پیسے دیئے، کیا ماروی میمن، دانیال عزیز اور طلال چوہدری مشرف دور میں آپ کے ساتھ تھے ؟ اب کوئی نظریہ نہیں رہا، پارٹیاں نظریہ ضرورت کے تحت چل رہی ہیں، پارٹی میں جس طرح کے لوگ لئے گئے ﷲ انہیں مبارک کرے، اس سے پاکستان میں تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران میں پارٹی ورکرز کے لئے وفا نام کی کوئی چیز نہیں، زعیم قادری نے درست کہا کہ پارٹی میں خوشامدی کلچر ہے، پارٹی چھوڑنے کا اس دن ہی فیصلہ کر لیا تھا جب ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خاتون کے منہ میں گولیاں ماری گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بادشاہوں کے سینے میں دل نہ ہی ان کا کسی سے تعلق ہوتا ہے، میرا قیادت سے بہت سالوں تک یکطرفہ تعلق رہا بلکہ غلط فہمی تھی اس لئے جن دوسرے لوگوں کو بھی غلط فہمی ہے انہیں اسے اپنے دل سے نکال دینا چاہیے، میں فیصلہ کر کے پچھتانے والا شخص نہیں ہوں، میں نے 28سال وفا ہی وفا کی جبکہ بدلے میں میرے ساتھ 28 ہزار مرتبہ بے وفائی کی گئی، ہم نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا لیکن پارٹی ٹکٹوں کی خرید و فروخت ہوئی اور گونگوں بہروں کو نوازا گیا، جو فیصلہ کر لیا اس پر مہر ثبت ہو گئی، اب کسی میں جرات نہیں کہ مجھے کہے پارٹی میں واپس آجائیں، چوہدری نثار کو کھلا میدان نہیں ملے گا، (ن) لیگ نے ان کے مقابلے پر ٹکٹ جاری کردیئے ہیں۔