کراچی کے مختلف علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ، ایک شہری جاں بحق، 22 زخمی


شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم آزادی کی مناسبت سے ملک کے مختلف علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ کراچی میں ایک شہری زندگی کی بازی ہار گیا اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی پر پٹاخہ پھٹنے سے زخمی نوجوان دم توڑ گیا جبکہ ناظم آباد 2 نمبر میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق لیاری سلاٹر ہاوس کے قریب ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ شیرشاہ میں بھی ہوائی فائرنگ سے اشرف نامی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب ایف سی ایریا بلاک 9 میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر شہری زخمی ہوا اور ناظم آباد انڈر پاس کے قریب ہونے ہونے والی ہوائی فائرنگ سے بندہ زخمی ہوگیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں اکہترواں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے، تیرہ اگست کی رات بارہ بجتے ہی ملک بھر کے مختلف شہر فائرنگ سے گونج اٹھے۔

یوم آزادی کے موقع پر نوجوان بچے بوڑھے خواتین سب ہی اپنے وطن کی محبت میں خوشی سے سرشار ہیں، ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانیں دے کر پاکستان بنایا تھا، وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔