بھارت کا یوم آزادی، کشمیری عوام آج یومِ سیاہ منارہے ہیں


سری نگر: بھارت کے یوم آزادی پر کشمیر پر غاصبانہ فوجی تسلط کے خلاف کشمیری عوام دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں ، پاکستانی عوام بھی ان سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہورہے ہیں۔

خبر رسان ادارے تسنیم کے مطابق بھارت کے یوم آزادی پر حریت رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال دی گئی، سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے دی جانے والی اس کال پر پوری وادی میں کاروبارِ زندگی معطل ہوگیا۔ تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز، دفاتر اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر بھی سناٹے کا راج رہا۔

دوسری جانب قابض بھارتی افواج، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر اور جموں سمیت تمام قصبوں میں بھارتی تسلط کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے بھاری نفری تعینات کی اور سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔

سری نگر کے سوناوار کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی یوم آزادی کی پریڈ منعقد کی گئی تھی ، اسٹیڈیم کی جانب جانے والی سڑکوں پر ہزاروں کی تعداد میں مسلح سپاہی تعینا ت کیے گئے تھے ، جبکہ احتجاج کے لئے جمع ہونے والے مظاہرین کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جارہی تھی ، اس موقع پر وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔

دریں اثنا بھارتی پولیس نے حریت رہنما محمد یاسین ملک کو گرفتار کرکے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جبکہ دیگر کشمیری رہنما جن میں سید علی گیلانی، محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، غلام احمد گلزار، بلال صدیقی، حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، اور دیگر کو ان کے گھروں پر نظر بند رکھا گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے باسیوں سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں بھی بھارتی تسلط کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس سے احاطہ کچہری تک ریلی نکالی گئی اور مظاہرین نے مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ نہتےکشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیا جائے۔

دوسری جانب پاکستان میں آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پرمنایا جارہا ہے، اسلام آباد میں حریت رہنما مشال ملک کی قیادت میں چائنا چوک سے نیشنل پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے علامتی دھرنا بھی دیا۔ احتجاج میں شریک بچوں نے اپنے چہروں پر بھارتی فورسز کی جانب سے استعمال کی جانے والی پیلٹ گن کے چھروں کے علامتی نشان بھی بنا رکھے تھے۔

اس کے ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں رہائش پذیر کشمیریوں نے آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پر منایا اور متعدد ممالک میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے بھی کیے گئے۔