ملک اور عوام کیلئے قانون سازی میں رکاوٹ نہیں بنیں گے: خورشید شاہ


اسلام آباد : پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹوکی شہادت کی وجہ سے ہے، بھرپور کوشش ہوگی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کریں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی پارلیمنٹ کا تقدس بحال رکھے۔

رہنما پی پی پی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹوکی شہادت کی وجہ سے ہے، بے نظیر بھٹو شہید کی قربانی رائیگاں نہ جانے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور کوشش ہوگی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کریں گے، ہمارے قائدین نے پارلیمنٹ کے تقدس کے لئے جانیں قربان کیں۔

سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ سابق اسپیکر ایازصادق کا ذکر نہ کروں تو یہ زیادتی ہوگی، سردار ایاز صادق کے کردار کی تعریف کرتا ہوں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں بھی کوشش کی گئی پارلیمنٹ مدت پوری نہ کرسکے، کوشش ہوگی پاکستان، آئین اور قانون کے لیے کام کریں، دعا ہے موجودہ پارلیمنٹ بھی اپنے 5 سال پورے کرے۔

سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ منتخب ہو کر آئے کوشش ہوگی انہیں موقع دیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، بھرپور اپوزیشن کا کردار  ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے