مائیک پومپیو کا ستمبر میں دورہ پاکستان کا امکان، عمران خان سے ملاقات کریں گے
امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو آئندہ ماہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے، جہاں ممکنہ طور پر ان کی نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مائیک پومپیو بھارت جاتے ہوئے 5 ستمبر کو پاکستان آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو، عمران خان سے ملاقات میں پاک-امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مائیک پومپیو پہلے غیرملکی عہدیدار ہیں، جو نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، جنہوں نے ہفتہ 18 اگست کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے منتخب رہنماؤں سے مل کر کام کرنے کی راہ دیکھ رہے ہیں۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد بھی امریکا نے پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا تھا۔