عصمت چغتائی نے بھارت میں گوگل ڈوڈل پر جگہ پالی


اردو کی معروف مصنفہ عصمت چغتائی کو ان کے 107ویں یوم پیدائش پر بھارتی گُوگل نے اپنے ڈوڈل کا حصہ بناتے ہوئے بہترین انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

خبررسان تسنیم ادارے کے مطابق پاک و ہند کی تقسیم کے دوران ان ترقی پسند مصنفوں، ادیبوں اورشعراء کی اس صف میں موجود عصمت چغتائی بھی تھیں جس میں فیض احمد فیض،سجاد ظہیر اور سعادت حسن منٹو شامل تھے۔

عصمت چغتائی نے اپنی تحریر کے ذریعہ سعادت حسن منٹو کی طرح معاشرے کی برائیوں اور خرابیوں کو اجاگر کیا اور پسماندہ طبقوں کے لیے آواز اٹھائی۔

وہ اتر پردیش کے شہر بدایوں میں 21اگست 1915 کو پیدا ہوئیں اور ممبئی میں 76 سال کی عمر میں 24 اکتوبر 1991 کو ان کا انتقال ہوا۔ عصمت چغتائی کو 1976 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا،ان کی پرورش جودھپور میں ہوئی، جہاں ان کے والد مرزا قسیم بیگ سول ملازم تھے۔

عصمت چغتائی نے کئی ایسے معاملات پر قلم اٹھایا جنہیں بھارتی معاشرے میں برداشت نہیں کیا جاتا تھا۔ انہوں نے راشدہ جہاں، واجدہ تبسم اور قرۃ العین حیدر کی طرح اپنی افسانہ نگاری، خاکہ نگاری اورناول نگاری سے تہلکہ مچایا۔

وہ لکھنؤ میں پروگریسو موومنٹ سے بھی وابستہ رہیں۔پوم بھوشن کے ساتھ ساتھ انہیں 1984 میں غالب ایوارڈسے بھی نوازا گیا۔ اسکے علاوہ انہیں متعدد بھاتی فلموں میں بطور کہانی اور ڈائیلاگ نویسی کے کئی ایوارڈز دیئے گئے۔

عصمت چغتائی نے خواتین اور ان سے جڑے مسائل پر بھی لکھا ، ان کے افسانے اور ناول متوسط طبقےکی خواتین کی نمائندگی کرتے ہیں۔