ایشین گیمز میں19 سالہ نرگس نے ویمنز کراٹے میں پاکستان کو پہلی بار تمغہ دلادیا


انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان کو دوسرا تمغہ بھی مل گیا۔

خبررسان تسنیم ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراٹے میں پاکستان کی 19 سالہ نرگس حمید اللہ نے نیپالی کھلاڑی کو شکست دیکر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ایشین گیمز کے کراٹے کے 68 پلس کیٹیگری میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی نرگس حمید اللہ نے نیپالی ایتھلیٹ کو 1-3 سے شکست دی۔

ایشین گیمز کے ویمنز کراٹے میں پاکستان نے پہلی بار کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔

کانسی کا تمغی جیتنے والی نرگس حمید اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے میڈل حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی تھی جس کا صلہ انہیں مل گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں اب تک صرف دو تمغے حاصل کیے ہیں اور دونوں ہی کانسی کے تمغے ہیں۔