پاک فوج کے سپہ سالار کی وزیراعظم سے ملاقات، امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے اور دونوں رہنماوں نے خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی باضابطہ ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملاقات کے دوران ملک میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور ملک کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔