یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، اقوام متحدہ


اقوام متحدہ کے تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک یمن میں جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے تحقیق کاروں کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کے پاس متعدد ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ یمن میں سعودی اتحادی ممالک نے عالمی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
رپورٹ میں اتحادی فوجیوں کے حملے سے متعلق طریقہ کار پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی قوانین برائے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بعض کارروائیاں جنگی جرائم کے مترادف تھیں جس میں قید، ریپ، تشدد اور شورش زدہ علاقوں میں بچوں کو بھرتی کرنا وغیرہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے افسران کے مطابق یمن میں سعودی جارحیت سے گزشتہ 3 برس میں تقریباً 6 ہزار 660 شہری شہید اور 10 ہزار 500 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ سعودی اتحادی افواج نے ایسے جھگوں کو نشانہ بنایا جہاں کسی قسم کا  کوئی عسکری خطرہ بھی نہیں تھا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت  سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔