عمران خان کے دورحکومت میں پاک ایران تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، ظریف


اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمدجواد ظریف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر ''اسد قیصر'' سے اہم ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔


تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران، اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ غیرمعمولی اور مضبوط ترین تعلقات کا خواہاں ہے.

محمد جواد ظریف نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دور حکومت میں پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ ملے گا.

ظریف نے دہشتگردی کے خلاف پاکستانی مسلح افواج کی قربانیاں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لئے ایران کا اہم شراکت دار ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد بحیثیت پہلے غیرملکی وفد پاکستان کے دورے پر آئے ہیں.

محمد جواد ظریف نے پاکستانی اسپیکر کو ان کے ایرانی ہم منصب علی لاریجانی کے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں ایک کامیاب اور اہم انتخابات کے انعقاد کے بعد ہمارے بھائی اور بہنوں کے منتخب نمائندے پارلیمنٹ میں آگئے.

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے لئے تمام پاکستانی دوست اور برادر ہیں، ہم پاکستانی عوام کو ایرانی عوام سے الگ نہیں سمجھتے اور ہماری نظر میں دونوں ملکوں اور عوام کے درمیان خصوصی اور غیرمعمولی تعلقات قائم ہیں.

اس موقع پر پاکستانی اسپیکر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت کے آنے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی سطحی وفد کی میزبانی کررہے ہیں.

اسد قیصر نے مزید کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے اور اس حوالے ایران کا کردار قابل قدر ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر تھے تو انہوں نے ایران کے تہران اور اصفہان کے شہروں کا دورہ کیا، انہوں نے بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کے مزار، میلاد ٹاور اور ایرانی پارلیمنٹ کے بھی دورے کئے جنہیں وہ ہرگز فراموش نہیں کرسکتے.

اسد قیصر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران پاکستان تعلقات خطے میں امن و سلامتی کے لئے ناگزیر ہیں.