امریکا کا پاکستان کی 30 کروڑڈالر کی امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ


امریکی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں نہ کرنے پر 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبررساں تسنیم ادارے کی رپورٹ کے مطابق،امریکا نے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر یعنی 36 ارب 90 کروڑ روپے کی امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل کونی فالکنر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف ٹھوس کارروائیاں نہ کرنے پر امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

لیفٹیننٹ کرنل کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس نے منظوری دے دی تو پینٹاگون اب یہ رقم دیگراہم ترجیحات پرصرف کرنے کا اراد ہ رکھتا ہے۔

ترجمان پینٹاگون کے مطابق پاکستان کی جانب سے ساؤتھ ایشیا اسٹریٹیجی کے تحت فیصلہ کن کارروائیوں کے فقدان کے باعث 30 کروڑ ڈالر کو ری پروگرام کیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس نے پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈز کے 50 کروڑ ڈالررواں سال کے آغاز میں بھی روک لیے تھے جس کے بعد اب تک روکی جانے والی کل رقم 80 کروڑ ڈالر ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ پینٹاگون کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو اور جنرل جوزف ڈنفورڈ پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔

 

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ نے گزشتہ 15 سال میں33 ارب ڈالرز پاکستان کو دے کر بے وقوفی کی، پاکستان امریکہ کو ہمیشہ دھوکہ دیتا آیا ہے_