خصوصی اجازت کے بعد شاہین ایئر کی پہلی حج پرواز 216 حاجیوں کو لیکر کراچی پہنچ گئی


خصوصی اجازت ملنے کے بعد شاہین ایئرلائن کی پہلی حج پرواز این ایل 704 مدینے میں پھنسے 216 حاجیوں کو لے کر آج صبح کراچی پہنچ گئی۔

خبررساں تسنیم ادارے کی رپورٹ کے مطابق،مدینہ منورہ سے پرواز این ایل 704 جناح انٹرنینشل ایئرپورٹ پر صبح 5 بجکر 30 منٹ پر 350 حاجیوں میں سے 216 حاجیوں کو لے کر پہنچی۔  

واپس پہنچنے پر حجاج کرام بہت خوش نظر آئے جب کہ ان کے عزیز و اقارب نے بھی ان کا استقبال پھولوں کے ہاروں سے کیا۔

حجاج کا کہنا تھا کہ دو روز انہوں نے بہت مشکل میں گزارے، ان کے پاس کھانے کے لئے کچھ تھا اور نہ ہی رہنے کے لئے جگہ تاہم بعد میں انہیں ہوٹل مہیا کئے گئے جو کہ غیر معیاری تھے۔

حجاج کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر لائن کہ جو مسافر تاحال پھنسے ہوئے ہیں انہیں بھی جلد واپس وطن لایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کی جانب سے شاہین ایئر لائنز کے پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی تجدید سے انکار کے باعث ساڑھے تین سو حاجی جمعے سے مدینہ ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے تھے۔

سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائنز کے پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی تجدید سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین ایئر حجاج کی واپسی کے لیے متبادل ایئر لائنز کی پروازوں کا بندوبست کرے۔

گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شاہین ایئر لائنز کو سعودی عرب سے حاجیوں کو واپس لانے کے لیے پروازوں کی خصوصی اجازت دی جس کے بعد مذکور فضائی کمپنی نے اپنا حج آپریشن شروع کردیا۔