فیفا کے سربراہ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی
فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر نے منگل کو زیورخ میں واقع فیفا کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اجلاس کے دوران فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کے صدر اور کھیلوں کی دنیا کے طاقتور ترین انسان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
انفنٹینو نے اجلاس کے دوران پاکستان کی بڑی آبادی اور ملک میں موجود فٹبال کے ٹیلنٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے فیڈریشن کو فیفا کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں سربراہان نے فیفا کے فارورڈ پروگرام اور پاکستان میں اس پر عملدرآمد کے حوالے سے گفتگو کی جبکہ اس دوران فیفا کا نامکمل گول پراجیکٹ بھی زیر بحث آیا اور انفنٹینو نے سکھر، جیکب آباد اور خانیوال کے منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دی۔
فیصل صالح حیات نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو پاکستان میں گول پراجیکٹ کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں اور فیفا کے سربراہ نے اس حوالے سے ہمارے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انفنٹینو نے دورہ پاکستان کی حامی تو بھر لی ہے لیکن ابھی ان کے پاکستان آنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔