محرم الحرام: جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت


انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوزاپنے ریجنز اور اضلاع کے حساس جلوسوں اور مجالس کا سکیورٹی پلان خودتشکیل دیں اور جلوسوں کے آغاز سے قبل تمام روٹس کی مکمل سکریننگ اور سکیننگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹر سمیت دیگر جدید آلات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹ پر آنے والی عمارتوں پر سنائیپرز کے ساتھ ساتھ ماتمی جلوسوں کے اندر سادہ کپڑوں میں پولیس کمانڈوزکو لازمی تعینات کیا جائے تاکہ جلوس میں موجود ہر شخص پر نظر رکھتے ہوئے کسی بھی خطرے کی پیش بندی کی جاسکے۔
سید کلیم امام نے کہا کہ حساس جلوسوں اور مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کو یقینی بناتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ مرکزی جلوسوں کے روٹ پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کاخاص انتظام بھی موجود ہو۔
 آئی جی نے کہا کہ اشتہاری مجرموں، خطر ناک ڈاکوؤں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشنز اور کریک ڈاؤن کو مزید مو ثر بنایا جائے اورکالعدم تنظیموں بالخصوص فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ 
آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے اوقات کار کی پابندی پر عملد رآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور تمام اضلاع کے حساس جلوسوں اور مجالس کے مقامات کے گرد روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں۔ 
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اورمذہبی منافرت پر مبنی لٹریچرسمیت تفرقے بازی پر مبنی وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔