آرمی چیف نے13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سزا پانے والے دہشت گردوں میں منیر الرحمان، محمد بشیر، حافظ عبداللہ، بخت اللہ خان، شاہ خان، محمد سہیل خان، داؤد شاہ، محمدمنیر، حبیب اللہ، محمد آصف، گل شاہ، جلال حسین اور علی شیر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ تمام افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، تعلیمی ادارے تباہ کرنے اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے سمیت دہشت گردی کی سنگنین وارداتوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق دہشت گرد 202 افراد کے قتل میں ملوث تھے، انہوں نے 151 عام شہریوں اور اور آرمڈ فورسز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 51 اہلکاروں کو قتل کیا جب کہ ان کے حملوں میں 249 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا، دہشت گردوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے آگے اپنے جرائم کا اعتراف اورانہیں فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔