پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھرمیں محرم کے جلوسوں کا سلسلہ جاری


اسلامی جمہوریہ ایران اورپاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نویں محرم یعنی تاسوعای حسینی کی عزاداری عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

 

 

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران سمیت دنیا بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

نو محرم سن اکسٹھ ھجری کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا یزیدیوں کے محاصرے میں تھے اور اہلبیت رسول پر پانی بند تھا جس کی دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے یاد منائی جاتی ہے۔

نویں محرم یعنی تاسوعای حسینی (ع) کے موقع پر ایران کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں  جلوس نکالے جارہے ہیں اور مختلف انجمنیں ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔

 مشہد مقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام، قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضوں لاکھوں زائرین موجود ہیں اور امام حسین علیہ السلام کی یاد میں سینہ کوبی کررہے ہیں۔

آج ایران کی طرح پاکستان، ہندوستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکی، کویت ، لبنان اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی محرم کی مناسبت سے جلوس ہائے عزا کا سلسلہ جاری ہے.

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 8 محرم الحرام کا جلوس نکالا گیا، کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ہے، جلوس کے راستوں میں آنے والی دکانیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئےجلوس کی گزرگاہ پر موبائل فون سروس بھی معطل ہےاور اس کے راستوں پر پولیس اہلکار، ٹریفک اہلکار، اسپیشل برانچ اور آر آر ایف کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔