فلسطین اورمقبوضہ کشمیرمیں بچوں کوپرتشدد صورت حال کا سامنا ہے، ملیحہ لودھی


اقوامِ متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ فلسطین، مقبوضہ کشمیرمیں بچوں کو پرتشدد صورت حال کا سامنا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے بچوں کے حقوق سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی حالت زار پرروشنی ڈالی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کے تحفظ کواولین ترجیح دی جائے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیرمیں بچے بیرونی تسلط کے زیرسایہ زندگی گزاررہے ہیں، فلسطین، مقبوضہ کشمیرمیں بچوں کوپرتشدد صورت حال کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال 25 مئی کو اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیراورفلسطین میں جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیرکا کہنا تھا کہ مقبوضہ علاقوں میں شہریوں کا بطورانسانی ڈھال استعمال ہورہا ہے جبکہ سنگین جرائم کے مرتکب افراد کواعزازات سے نوازا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی پراسرائیلی فوج کی فائرنگ ست 58 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستانی سفیرنے یمنی بچوں کا ذکر تک نہیں کیا۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کا کہنا ہے کہ ہر دس منٹ میں ایک یمنی بچہ بیماری یا غذائی قلت کی وجہ سے موت کی آغوش میں سو جاتا ہے۔ یونیسف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غذائی قلت اور بیماری کی وجہ سے ہر دس منٹ میں ایک یمنی بچے کی موت ہو رہی ہے۔

یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ 20 لاکھ سے زیادہ یمنی بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے اور ان کو فوری طور پر طبی سہولیات اور غذاء کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی بچوں کو لاحق بیماریوں میں غذائی قلت، دست اور سانس لینے کی نلی میں انفکشن کا نام لیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 26 مارچ 2015 سے یمن پر وسیع حملے شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک تقریبا  ہزاروں عام شہری شہید اور لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔