کشمیریوں اور فلسطینیوں کی اخلاقی‘ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، علامہ ساجد نقوی


شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر مظلوم کشمیری و فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ کشمیراور فلسطین کی اخلاقی‘ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے اور بھارتی فوجی مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اور مظلوم عوام کو استصواب رائے کا حق دے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جڑا ہوا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مختلف احتجاجی ریلیوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1947ء لے لیکر آج تک مقبوضہ کشمیر میں آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے نہتے عوام پر بھارتی فوج کی سفاکیت جاری ہے لیکن افسوس کہ کشمیری عوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق‘ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں؟ صرف چند ماہ میں سینکڑوں کشمیری ایک مرتبہ پھر شہید کر دیئے گئے ہیں‘ پیلٹ گنز کے استعمال سے جوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں‘ خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں بینائی سے محروم کر دیا گیا لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

 علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے۔ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کو مزید تیز کیا جائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ 71سال سے مظلوم کشمیری عوام پر ریاستی جبرو تشدد اور ظلم کے پہاڑ توڑ کر زیرکرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، لیکن کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم ہونے کی بجائے مزید مضبوط اور بھرپور طریقے سے ابھر کر سامنے آیا ہے اور یہ بھرپور عوامی جدوجہد کا روپ دھار چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ ہے کہ مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور تمام فریقوں کو انکی خواہشات کا احترام کرنا چاہئے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھی اس سلسلے میں بھرپور اور موثر انداز میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ جاری رکھنا ہوگا۔