عشق رسول اکرم ص کے نام پر سیاست کرنے والوں کو وزیراعظم کا انتباہ


وزیراعظم پاکستان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے پر احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ ریاست سے نہ ٹکرائیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرف نہ لے جائیں کہ ریاست ایکشن لینے پر مجبور ہوجائے اور اگر ایسا کیا گیا تو پھر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا ملک کے کسی بھی شہرکوئی توڑ پھوڑ نہیں ہونے دیں گے اور کوئی ٹریفک نہیں رکنے دیں گے، لوگوں کی املاک اور جان و مال کی حفاظت کی جائے گی۔

قو م سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان  نے کہا کہ میں آج آپ کے سامنے صرف اس لئے آیا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایک چھوٹے سے طبقے نے جس طر ح زبان استعمال کی اس پر میں آپ سے بات چیت کرنے کیلئے مجبور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو مدینہ کی ریاست کے بعد اسلام کے نام پر بنا ہے، اسلام کے نام پر بننے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کو کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد جو زبان استعمال کی گئی، ایسے کون سی حکومت چل سکتی ہے اور اس طرح کونسا ملک چل سکتا ہے؟۔

انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ انسان کا ایمان مکمل ہی نہیں ہوتا جب تک وہ حضور نبی کریم ﷺ سے عشق نہ رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہم نے ڈچ پارلیمنٹ سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ملتوی کروایا ، ا س پر او آئی سی سے رابطہ کیا ، یہ ہم نے عملی طور پر کرکے دکھایا ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک میں نے اور میری کابینہ نے ایک چھٹی نہیں کی اور ملک کی معیشت کوبہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ پسند نہ آئے تو سڑکیں بند کردو تو ایسے کوئی ملک چل سکتاہے؟ اگر سپریم کورٹ من پسند فیصلے نہیں کرتی، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ فیصلہ نہیں مانتے اور ملک کو روک دیں گے؟ اس طرز عمل کا نقصان ملک اور عوام کو ہے،عوام ان کے اکسانے میں نہ آئیں ، یہ کوئی اسلام دوستی نہیں ہورہی بلکہ ملک دشمن ایسی باتیں کرتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ عوام ان کی باتوں میں نہ آئیں جواپنی سیاست چمکانے اور ووٹ بینک بڑھانے کیلئے ایسا کررہے ہیں، سڑکیں بند کرنے سے عوام کا نقصان ہورہاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج کرنیوالے ریاست سے نہ ٹکرائیں بصورت دیگر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کرے گی۔