دنیا کی نظریں گلگت بلتستان پرمرکوز ہیں، آئینی حقوق دینے سے پاکستان کا موقف کمزورنہیں مضبوط ہوگا، علامہ ساجد نقوی


شیعہ علماکونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں گلگت بلتستان پر مرکوز ہیں، آئینی حقوق دینے سے پاکستان کا موقف کمزورنہیں مضبوط ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق علامہ ساجد نقوی نے گلگت بلتستان کی یوم آزادی پر بیان جاری کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ خطے کی عوام نے بڑی دلیری کےساتھ جنگ لڑتے ہوئے انڈیا کی فوجوں کو شکست دے کرخطے کو آزاد کرواکرپاکستان سے الحاق کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان محل وقوع کے اعتبارسے تاریخی حیثیت کا حامل ہے اوریہ خطہ پاکستان کے مستقبل، سی پیک اورملکی ترقی کادارومدارمیں اہم کردار ادا کرنے جارہاہے۔

گلگت بلتستان کی عوام پُرامن، دلیراور پاکستان سے محبت کر نےوالی قوم ہے جو کئی عشروں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتی نظرآئی اور پاکستان سے محبت، وفاداری، صبر و تحمل کا پھل گلگت بلتستان کی عوام کو اس صورت میں ملا کہ آج پوری دنیا کی نظریں گلگت بلتستان پر ہی مرکوز ہیں۔

علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ اب گلگت بلتستان ملک کی ضرورت بن چکا ہے اور پوری دنیا کے سامنے اسکی اہمیت بڑھ گئی ہے، گلگت بلتستان ملک کی ترقی کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی اہم اکائی بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم نومبر 1947ءانقلاب کی کامیابی ڈوگرہ فوج کی تاریخی شکست اور علاقہ آزاد کرانے کے بعد میرآف ہنزہ و میرآف نگر کے الحاق نامے 1نومبر 1947ءکو گلگت میں عبوری،اسلامی جمہوریہ گلگت کا قیام، گلگت کی قدیم و جدید تاریخ میں لاثانی و لافانی سیاسی اقدام تھا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت کی آزادی کےلئے خطہ کی عوام نے بڑی دلیری کےساتھ جنگ لڑتے ہوئے انڈیا کی فوجوںکو شکست دے کرگلگت کو آزاد کرواکر پاکستان سے الحاق کیا لیکن سوال یہ ہے کہ گلگت کی بہادرعوام کی آزادی و قربانیوں کاصلہ پاکستان کیسے دے رہاہے؟

 انہوں نے کہا کہ ملکی و بین الاقوامی تناظرمیں گلگت بلتستان کی عوامی خواہشات کو مدنظررکھتے ہوئےتاریخی فیصلہ وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دیے جانے سے پاکستان کا موقف کمزور نہیں بلکہ زیادہ مضبوط ہو گا۔

 علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان کی عوام کے مطالبات کو پورا کیا جائے اور گلگت بلتستان کی عوام کی قربانیوں کے سامنے رکھتے ہوئے ان کوآئینی حقوق دئیے جائیں اور گلگت بلتستان کو ملک کا پانچوں صوبہ بنایا جائے۔